وزیراعظم نریندر مودی کو یادادری مندر کے دورہ کی دعوت

   


کے سی آر نے برہما اتسوم میں مدعو کیا، فروری یا مارچ میں آمد
حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ فروری یا مارچ میں تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر وزیراعظم کو یادادری مندر کے ترقیاتی کاموں سے واقف کرایا اور سالانہ تقاریب میں شرکت کی دعوت دی۔ توقع ہے کہ وزیراعظم فروری کے اواخر یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے یادادری مندر کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور تعمیراتی کام جنگی خطوط پر جاری ہے۔ ہر سال برہما اتسوم کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں آتا ہے۔ چیف منسٹر 2021 ء میں مندر کی تعمیری کاموں کے افتتاح کے پیش نظر بڑے پیمانہ پر تقاریب کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ نریندر مودی اور مرکزی وزراء کے علاوہ کئی ریاستی گورنرس کو برہما اتسوم میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک وزیراعظم کے دورہ کی توثیق ریاستی حکومت کو مل جائے گی۔ مندر کے کاموں کی چیف منسٹر راست طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ اسی دوران وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے مندر کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے اختتام تک صدارتی سوٹ اور 13 وی وی آئی پی سوٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو اندرون ایک ماہ رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔