وزیراعظم نے میجر دھیان چندکھیل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا

,

   

میرٹھ: وزیر اعظم مودی نے اتوار کو ہاکی کے جادو گر میجر دھیان چند کے نام پر اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے سلاوا میں تعمیر ہونے والی ’میجر دھیان چند کھیل یونیورسٹی‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا آج میرٹھ میں اسپورٹ یونیورسٹی میجردھیان چند کے نام پر قائم کی جارہی ہے ۔ کچھ مہینے قبل مرکزی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے کھیل انعام کانام میجردھیان چند کے نام کیا تھا۔ میرٹھ ملک کی ایک عظیم سپوب میجر دھیان چند کی بھی ’کرم بھومی‘ بھی ہے ۔ اپنے خطاب کے دوران میرٹھ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی تاریخ میں میرٹھ کامقام صرف ایک شہر کی حیثیت سے نہیں بلکہ میرٹھ ہماری تہذیب کا بھی اہم مرکز ہے ۔سندھو گھاٹی کی تہذیب سے لے کر ملک کی پہلی جدوجہد جنگ آزادی تک اس علاقے نے دنیا کو دکھایا ہے کہ ہندوستان کی طاقت کیا ہے ۔اب انقلابیوں کا شہر کھیل جانبازوں کے شہر کے طور پر بھی ایک نئی شناخت حاصل کرے گا۔ملکی تحفظ کے لئے سرحد پر قربانی ہو یا پھر کھیل کے میدان میں ملک کے لئے اعزاز،حب الوطنی کے مشعل کو اس خطے نے روشن کر رکھا ہے ۔ملک میں کھیل کی اہمیت اور اس کے تئیں حکومت کی سنجیدگی پر تبالہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں کھیلوں کے سلسلے میں اعتماد پیدا ہو۔ کھیل کو اپنا پروفیشن بنانے کا حوصلہ بڑھے ۔یہی ہمارا عزم بھی ہے اور خواب بھی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دوسرے پروفیشن ہیں ویسے ہی ہمارے نوجوان اسپورٹس کو بھی دیکھیں۔ کھلاڑیوں کو وسائل، ٹریننگ کی جدید سہولیات، بین الاقوامی اکسپوزر اور انتخاب میں شفافیت چاہئے ۔ گذشتہ سالوں میں ہندوستان کے کھلاڑیوں کو یہ چار ہتھیار ضرور ملیں اسے حکومت نے اولین ترجیح دی ہے ۔انہوں نے سابقہ حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا‘ پہلے کی حکومتوں میں کھیل اور کھلاڑیوں کے لئے پالیسیاں بالکل مختلف تھیں۔ٹریننگ سے لے کر سلیکشن تک میں ‘بھائی۔ بھتیجہ کا دور دورا تھااور کوئی شفافیت نہیں تھی۔