ہندوستانی تارکین وطن سے ملاقات‘پہلی جنگ عظیم کے شہید فوجیوں کو خراج
مصری خاتون کے فلم شعلے کا گیت گانے پر وزیر اعظم حیرت زدہ
قاہرہ: وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو اپنے پہلے سرکاری دورہ پر مصرف پہنچ گئے اور کئی قائدین سے ملاقات کی۔ اتوار کو وزیراعظم مودی نے ہندوستانی تارکین وطن اور بوہرہ برادری کے ارکان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کی بوہرہ برادری کے اراکین کے ساتھ ملاقات اتوار کو قاہرہ کی تاریخی الحکیم مسجد کے دورہ سے پہلے ہوئی، جسے ہندوستان کی داؤدی بوہرہ برادری کی مدد سے بحال کیا گیا تھا۔ ہندوستان میں بوہرہ برادری دراصل فاطمہ خاندان سے ہے اور انہوں نے 1970 کی دہائی سے مسجد کی تزئین و آرائش کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہندوستانی تارکین وطن کے ایک رکن نے کہا کہ وہ گذشتہ 27 سالوں سے مصر میں رہ ہیں ۔ آج پی ایم مودی سے ملاقات ایک انوکھا تجربہ تھا۔ قبل ازیںہندوستانی تارکین وطن، روایتی لباس میں ملبوس، مودی کے استقبال کیلئے یہاں رٹز کارلٹن ہوٹل میں بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ ہندوستانی ترنگا لہراتے ہوئے ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان نے وزیر اعظم کا ہوٹل پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک مصری خاتون جینا نے ساڑھی میں ملبوس فلم ’شعلے‘ کے مقبول گانے ’یہ دوستی ہم نہیں توڑیں گے‘ کے ساتھ مودی کا استقبال کیا۔ اس پر وزیراعظم نے حیرت کا اظہار اور سوال کیا کہ آپ یہاں کی ہیں یا ہندوستان کی ۔ جینا نے کہا کہ وہ بہت کم ہندی جانتی ہے اور کبھی ہندوستان نہیں گئی۔ وزیر اعظم نے پہلی جنگ عظیم میں شہید ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہیلیو پولس وار قبرستان کا دورہ کیا ۔یہ یادگار کامن ویلتھ نے تعمیر کی تھی، حالانکہ یہ ان 3,799 ہندوستانی فوجیوں کیلئے وقف ہے جنہوں نے مصر میں پہلی جنگ عظیم کے مختلف تنازعات میں اپنی جانیں گنوائی تھیں۔قابل ذکر ہے کہ مودی صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر مصر کا دورہ کر رہے ہیں۔ 26 سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا مصر کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔ اس سے پہلے مودی کا یہاں ہوائی اڈہ پر مصر کے وزیر اعظم نے گرم جوشی سے گلے لگا کر استقبال کیا۔ انہیں رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم اپنے دو ملکوں کے دورہ کے آخری مرحلہ میں امریکہ کے بعد مصر پہنچے ہیں ۔