نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور وہاں منعقدہ پروگرام میں پانچ وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔وزیر اعظم رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن، بھوپال پر منعقدہ ایک عوامی پروگرام میں پانچ وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔یہ پانچ وندے بھارت ٹرینیں ہیں: رانی کملا پتی۔جبل پور وندے بھارت ایکسپریس؛ کھجوراہو۔بھوپال۔اندور وندے بھارت ایکسپریس؛ مڈگاؤں (گوا) ۔ ممبئی وندے بھارت ایکسپریس، دھارواڑ ۔ بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس اور ہٹیا۔پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس رانی کملا پتی۔جبل پور وندے بھارت ایکسپریس مہا کوشل ریجن (جبل پور) کو مدھیہ پردیش کے سنٹرل ریجن (بھوپال) سے جوڑے گی۔ اس کے علاوہ بھیراگھاٹ، پچمڑھی، ست پورہ وغیرہ جیسے سیاحتی مقامات کو بھی بہتر رابطہ کاری سے فائدہ پہنچے گا۔ اس روٹ پر چلنے والی موجودہ تیز ترین ٹرینوں کے مقابلے میں یہ ٹرین تقریباً تیس منٹ کم وقت لے گی۔کھجوراہو،بھوپال،اندور وندے بھارت ایکسپریس مالوا ریجن (اندور) اور بندیل کھنڈ ریجن (کھجوراہو) کو سینٹرل ریجن (بھوپال) سے کنیکٹیوٹی کو بہتر بنائے گی۔ اس سے مہاکالیشور، منڈو، مہیشور، کھجوراہو، پنا جیسے اہم سیاحتی مقامات کو فائدہ ہوگا۔ ٹرین روٹ پر موجودہ تیز ترین ٹرینوں کے مقابلے میں تقریباً دو گھنٹے تیس منٹ کاوقت کم لے گی ۔دریں اثناء وزیر اعظم کا منگل کو مدھیہ پردیش کا ایک روزہ دورہ موسم کی وجہ سے تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب مودی فی الحال شہڈول ضلع کا دورہ نہیں کریں گے ۔ بھوپال کا پروگرام پہلے کی طرح طے ہے ۔چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے خود ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہڈول میں منگل کو شدید بارش کے امکان کے پیش نظر وزیراعظم کا وہاں کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔
مدھیہ پردیش میں بدعنوانی کے حالات وزیراعظم خود دیکھیں:کمل ناتھ
وزیر اعظم نریندر مودی کے کل مدھیہ پردیش دورہ کے موقع پر ریاستی صدر کمل ناتھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم خود دیکھیں کہ ریاست میں بدعنوانی کی کیا حالت ہے ۔کمل ناتھ نے یہاں پردیش کانگریس کے دفتر میں صحافیوں سے کہا کہ وزیر اعظم ریاست کے دورے پر آرہے ہیں۔ وہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں کہ مدھیہ پردیش میں بدعنوانی کا کیاحال ہے ، کس طرح سے آج مدھیہ پردیش ملک کا سب سے بد عنوان ریاست بن گیا ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر نے گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست میں شروع ہوئے پوسٹر وار پر الزام لگایا کہ اس طرح کی بے بنیاد سیاست کی شروعات بھارتیہ جنتا پارٹی نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ انہیں چاہے کتنی بھی گالیاں دیں۔ انہیں عوام کا پیار ملتا رہے گا۔