وزیر اعظم مودی کو ماریشس کااعلیٰ ترین شہری اعزاز

   

پورٹ لوئس/نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمہوریہ ماریشس کے 57ویں قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریبات کے دوران، جمہوریہ ماریشس کے صدر عزت مآب دھرم بیر گوکھل نے وزیر اعظم مودی کو موریشس کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی اسٹار اینڈ کی آف دی انڈین اوشین (جی.سی.ایس.کے ) ایوارڈسے نوازا۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ہندوستانی رہنما کو یہ اعزاز عطا کیاگیا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے یہ ایوارڈ ہندوستان اور ماریشس کے درمیان خصوصی دوستی اور ہندوستان کے 1.4 بلین لوگوں اور ماریشس میں 1.3 ملین بھائیوں اور بہنوں کو وقف کیا۔ہندوستانی بحریہ کے مارچنگ دستے نے قومی دن کی تقریبات کے دوران پریڈ میں حصہ لیا۔

ماریشس میںواجپائی سے موسوم ادارہ کا افتتاح
پورٹ لوئس/نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور ماریشس کے وزیر اعظم عزت مآب نوین چندر رام غلام نے آج ماریشس کے ریڈوایٹ میں اٹل بہاری واجپائی انسٹی ٹیوٹ آف پبلک سروس اینڈ انوویشن کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ ہندوستان۔ماریشس ترقیاتی شراکت داری کے تحت نافذ کیا گیا یہ تاریخی پروجیکٹ، ماریشس میں صلاحیت سازی کے لیے ہندوستان کے عزم کو واضح کرتا ہے ۔سال 2017 کے مفاہمت نامے کے تحت 4.74 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی، یہ جدید ترین انسٹی ٹیوٹ وزارتوں، عوامی دفاتر، نیم سرکاری ادارے اور سرکاری کاروبار میں ماریشس کے سرکاری ملازمین کی تربیت کی ضروریات کو پورا کرے گا۔