وزیر اعظم نے کرتویہ بھون کو قوم کے نام وقف کیا

   

نئی دہلی۔6 ۔اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کرتویہ بھون کو قوم کے نام وقف کیا اور اسے عوامی خدمت کے تئیں غیر متزلزل عزم اور مسلسل کوششوں کی علامت قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ کرتویہ بھون نہ صرف پالیسیوں اور اسکیموں کی تیزی سے فراہمی میں مدد کرے گا بلکہ ملک کی ترقی کو نئی رفتار بھی فراہم کرے گا۔ مودی نے کہا کہ کرتویہ بھون ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ آج ، قوم نے ہمارے شرم یوگیوں کی انتھک محنت اور عزم کا مشاہدہ کیا ہے جنہوں نے اس بھون کو تعمیر کیا ہے ۔ انہوں نے ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عمارت کو ماحولیاتی تحفظ پر پوری توجہ دیتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کرتویہ بھون کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا ۔ایکس پر سلسلے وار پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ؛‘‘کرتویہ پتھ پر واقع کرتویہ بھون ، عوام کی خدمت کے تئیں ہمارے عزم مصمم اور مسلسل کوششوں کی علامت ہے ۔ اس سے نہ صرف ہماری پالیسیوں اور اسکیموں کو لوگوں تک تیزی سے پہنچنے میں مدد ملے گی بلکہ ملک کی ترقی کو بھی ایک نئی رفتار فراہم ہوگی ۔ مجھے اس عمارت کو قوم کے نام وقف کرنے پر بہت فخر ہے جو جدید ترین بنیادی ڈھانچے کی مثال بن گئی ہے ۔ کرتویہ بھون ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ آج ملک اس کی تعمیر کرنے والے ہمارے شرم یوگیوں کی انتھک محنت اور عزم کا گواہ بن گیا ہے ۔ میں ان کے ساتھ بات چیت کر کے بہت خوش ہوا ۔کرتویہ بھون کی تعمیر میں ماحولیات کے تحفظ کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے ، جس کے لیے ہمارا ملک پرعزم ہے ۔ آج مجھے اس کے صحن میں ایک پودا لگانے کا بھی موقع ملا ۔

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی اہل خانہ کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات
نئی دہلی/ ممبئی ۔ 6 ۔اگست (یو این آئی)مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے آج روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملاقات کی، جو اتحاد کی مضبوطی اور باہمی رشتے کی علامت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے ۔ یہ ملاقات مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ان کی میٹنگ کے محض چند گھنٹے بعد انجام پائی، جس دوران انہوں نے واضح کیا کہ بی جے پی، شیو سینا (شنڈے گروپ) اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی پر مشتمل مہا یوتی اتحاد مہاراشٹر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لے گا۔ان ملاقاتوں کے بعد ایک جاری بیان میں شنڈے نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی نو ستمبر کو ہونے والے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔ یہ انتخاب گزشتہ ماہ نائب صدر جگدیپ دھنکڑ کے استعفیٰ کے بعد عمل میں آ رہا ہے ۔ شنڈے نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران امیت شاہ کو مبارکباد پیش کی، جنہوں نے حال ہی میں ملک کے طویل ترین خدمات انجام دینے والے وزیر داخلہ کا سنگ میل عبور کیا۔
شندے نے امیت شاہ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ذریعے بال ٹھاکرے کے خواب کو شرمندئہ تعبیر کیا بلکہ دہشت گردی اور نکسل ازم کے خلاف سخت اقدامات بھی کیے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ کی خدمات قومی سلامتی سے لے کر کوآپریٹو شعبے کی ترقی تک مثالی رہی ہیں۔