مدورائی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی ضد چھوڑ کر منی پور کا دورہ کرنا چاہئے اور ریاست کے لوگوں سے براہ راست شائستگی سے بات کرنی چاہئے اور ان کی شکایات اور خواہشات کو جاننا چاہئے ۔ چدمبرم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ منی پور بحران کا حل 5000 مزید مرکزی مسلح پولیس اہلکاروں کو بھیجنا نہیں ہے ۔ یہ قبول کرنا زیادہ معنی خیز ہے کہ منی پور کے وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ اس بحران کی وجہ ہیں اور انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات زیادہ سمجھ میں آتی ہے کہ میتی، کوکی زو اور ناگا ایک ریاست میں صرف اسی صورت میں ایک ساتھ رہ سکتے ہیں جب انہیں حقیقی علاقائی خود مختاری حاصل ہو۔ خیال رہے گزشتہ سال مئی سے وادی امپھال میں رہنے والے میتی لوگوں اور آس پاس کے پہاڑی علاقوں میں رہنے والی کوکی-زو قبائل کے درمیان سرکاری گرانٹ اور نوکریوں اور تعلیم میں کوٹے کے سلسلے میں ہونے والے نسلی تشدد میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔