وزیر اعلٰی نتیش نے نوکری کے عمل کو تیز کرنے کی دی ہدایت تو تیجسوی یادو نے اس طرح کی تعریف، بی جے پی پر بھی کیا طنز

   

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست کے مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے بھرتی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ نتیش کمار نے اس سلسلے میں ہفتہ کو پٹنہ میں ایک جائزہ میٹنگ بھی کی۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی خالی عہدوں کو پر کرنے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ہفتہ کو ایک ٹویٹ کیا۔ اس ٹویٹ میں انہوں نے نتیش کمار کی زبردست تعریف کی اور ساتھ ہی بی جے پی کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ بہار کے نوجوانوں کے لیے خوشخبری! وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تعلیم، صحت اور دیگر محکموں کے بعد اب پولیس فورس کی تعداد میں اضافہ اور بھرتی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ بہار کے نوجوانوں کو الجھا کر 2 سال ضائع کرنے والی بی جے پی کے پاس نوکری پر کوئی ایجنڈا اور جواب نہیں ہے۔