وزیر تعلیم کی قیامگاہ پر این ایس یو آئی کارکنوں کا احتجاج

   

صورتحال کشیدہ، احتجاجیوں کیخلاف بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی قیامگاہ پر آج اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں نے دھرنا منظم کرتے ہوئے ڈگری امتحانات کے آن لائن انعقاد کا مطالبہ کیا۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر پی وینکٹ، جنرل سکریٹری رتیش راؤ اور سکریٹری راہول گوڑ کی قیادت میں کارکنوں نے امتحانات کے انعقاد کی مخالفت کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح دیگر امتحانات منسوخ یا ملتوی کئے گئے ہیں اُسی طرح ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات کو ملتوی کیا جائے۔ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر آن لائن امتحانات منعقد کئے جائیں۔ پولیس اور این ایس یو آئی کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی کیوں کہ قائدین وزیرداخلہ سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کے خواہاں تھے۔ وزیر تعلیم کی قیامگاہ کے اچانک گھیراؤ سے پریشان پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ این ایس یو آئی کے 3 اہم قائدین کو بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جن پر آئی پی سی کی دفعات 341، 353 اور 506 کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے سبیتا اندرا ریڈی سے بعد میں ملاقات کی جس پر سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کردیا کہ امتحانات ملتوی نہیں کئے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ اور ڈگری امتحانات کا مقررہ پروگرام کے مطابق آغاز ہوچکا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے ریالی کی شکل میں طلبہ منسٹرس کوارٹرس پہونچے تھے۔