وزیر داخلہ محمود علی نے عثمانیہ ہاسپٹل میں مخنس طبقہ کے کلینک کا افتتاح کیا

   

75 لاکھ کے صرفہ سے گیاسٹرو بلاک کی ترقی، طبی سہولتوں کو بہتر بنانے حکومت کے اقدامات
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں جنرل سرجری بلاک کا افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ نے سرجیکل گیاسٹرو انٹرالوجی کے تزئین نو کے بعد نئے وارڈ کا افتتاح انجام دیا۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں مخنس طبقہ کے لئے خصوصی کلینک کا افتتاح انجام دیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر مختلف وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے عوام کے لئے طبقی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرس کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت نے سرکاری دواخانوںمیں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی فنڈس جاری کئے ہیں۔ وزیر صحت ہریش راؤ سرکاری دواخانوں کی بہتری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں تین سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سماج کے تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں دو مخنس ڈاکٹرس نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور کلینک میں موجود سہولتوں سے واقف کرایا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ عثمانیہ ہاسپٹل 100 سالہ قدیم تاریخ کا حامل ہے ۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے مریض علاج کے لئے رجوع ہوتے ہیں۔ بہتر طبی سہولتوں کے نتیجہ میں حیدرآباد ملک کا میڈیکل ہب بن چکا ہے ۔ بستی دواخانوں کے ذریعہ عوام کو گھر کے قریب طبی خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے الوال ، ایل بی نگر اور صنعت نگر میں 2679 کروڑ سے تعمیر کئے جانے والے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کا سنگ بنیاد رکھا۔ ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل کو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل میں لیور سرجری اور دیگر علاج کی مفت سہولت حاصل ہے جبکہ خانگی شعبہ میں لاکھوں روپئے خرچ کئے جاتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، آر ایم او اور دیگر اسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔ ہاسپٹل میں 30 لاکھ روپئے کے صرف سے سرجیکل گیاسٹرو انٹرالوجی بلاک کی تزئین نو کی گئی۔ر