جھوٹے الزامات پر معذرت خواہی کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنے تیار رہیں
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریس کے سابق رکن اسمبلی سمپت کمار سے ان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر کھلے عام معذرت خواہی کرنے پر زور دیا۔ بصورت دیگر سمپت کمار کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ان کے اور ان کی شریک حیات کے نام تقریباً مختلف مقامات پر اندرون 50 ایکر اراضیات ہیں لیکن سمپت کمار نے 200 ایکر اراضی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی عزت نفس کو نقصان پہنچایا ہے۔ پانگل منڈل میں میرے نام 30 ایکر، میری شریک حیات کے نام 10 ایکر اراضی ہے جس کو وہ 2018 کے انتخابی حلف نامہ میں بتاچکے ہیں جس سے ریاست کے سارے عوام واقف ہیں۔ پانگل ایس بی آئی سے قرض حاصل کرتے ہوئے گوشالہ کی تعمیر کیلئے 2.5 ایکر اراضی 2 سال قبل خرید چکے ہیں۔ ونپرتی کے پبیر میں ان کے نام اراضیات ہونے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وہ بحیثیت وکیل1984 سے ان اراضیات کیلئے مختلف عدالتوں میں اپنے کلائنٹ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔2001 سے تلنگانہ تحریک میں سرگرم ہونے کے بعد سے اس کیس سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد جو فیصلہ آیا ہ اس سے وہ لا تعلق ہیں۔ جب یہ فیصلہ مختلف ٹریبونلس اور دوسری عدالتوں سے آیا اس وقت کانگریس کی حکومت تھی۔ ونپرتی کی انعام اراضی غریب کسانوں کی ہے لیکن کانگریس کے سابق رکن اسمبلی نے ان پر جھوٹے الزامات عائد کیا ہے جس پر انہیں مجھ سے فوری معذرت خواہی کرنے کا مشورہ دیں یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کا انہیں پیغام پہنچادیں۔