وزیر سرینواس گوڑ کے خلاف درخواست عدالت میں سماعت کے لیے قبول

   

انتخابات میں پرچہ نامزدگی میں غلط بیانی سے کام لینے کا الزام ، وزیر کی درخواست مسترد
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کو عدالت نے سماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے وزیر کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست کو مسترد کرنے کی اپیل کو مسترد کردیا۔ محبوب نگر حلقہ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے رائے دہندہ نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کردہ درخواست میں دعویٰ کیا کہ ریاستی وزیر نے انتخابات کے لئے اپنے پرچہ نامزدگی کے ساتھ جو دستاویزات پیش کئے ہیں ان میں غلط بیانی سے کام لیا ہے اور جھوٹا حلف نامہ پیش کیا ہے۔ رائے دہندہ کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست کے خلاف ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے اپیل کرتے ہوئے اس درخواست کو مسترد کرنے کی خواہش کی لیکن ہائی کورٹ نے دونوں فریقین کے استدلال کی سماعت کے بعد رائے دہندہ رگھویندرا راجو کی درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیااور سرینواس گوڑ کی درخواست کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کے وزیر کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے رائے دہندہ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے پیش کی گئی درخواست میں اس بات کی نشاندہی کی کہ سرینواس گوڑ نے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے جو پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا اس میں جھوٹے دستاویزات شامل کئے ہیں اور ان کے اس جھوٹ کے ثابت ہونے کے بعد وہ رکن اسمبلی یا وزیر برقرار رہنے کے اہل نہیں ہیں۔رائے دہندہ کی جانب سے داخل کردہ اس درخواست پر مباحث کے بعد عدالت نے ریاستی وزیر کی درخواست کو مسترد کردیا اور ان کے خلاف داخل کی گئی درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیا۔م