وزیر لیبر جی ویویک نے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی

   

غریبوں اور ورکرس کے مفادات کے تحفظ کا عہد

حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں حال ہی میں شامل کئے گئے وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی نے آج سکریٹریٹ میں اپنی ذمہ داری سنبھال لی ۔ سکریٹریٹ کے سکنڈ فلور پر جی ویویک وینکٹ سوامی کو چیمبر الاٹ کیا گیا ۔ عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں جی ویویک نے اپنے قلمدان کا جائزہ لیا ۔ پرنسپل سکریٹری لیبر دانا کشور نے فائل پر ریاستی وزیر کے دستخط حاصل کئے۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ اور کانگریس کے ارکان اسمبلی نے جی ویویک کو مبارکباد پیش کی۔ جی ویویک نے اڈوانس ٹکنالوجیز سنٹر کے قیام سے متعلق فائل پر پہلی دستخط کی ۔ انہوں نے 2600 کروڑ سے نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق کورسس میں ٹریننگ کی فائل پربھی دستخط کئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر کی جانب سے ملازمین اور مزدوروںکے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی ویویک نے کہا کہ وہ اپنے والد آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غریبوں اور مزدوروں کی بھلائی کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 45 اڈوانس ٹکنالوجی سنٹر قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کابینہ میں شمولیت اور لیبر اینڈ ایمپلائیمنٹ کا قلمدان الاٹ کرنے پر کانگریس ہائی کمان اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ کانکنی کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے عوام کو کم قیمت پر ریت کی سربراہی کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چنور اسمبلی حلقہ میں ریت مافیا کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ جی ویویک نے کہا کہ ان کے والد آنجہانی جی وینکٹ سوامی نے اپنی ساری زندگی کمزور طبقات اور ورکرس کی بھلائی پر صرف کی ہے۔1