وزیر لیبر کی تعمیرات کے خلاف تحقیقات

   

۔3 رکنی ٹیم کی تشکیل، پارک میں مندر کی تعمیر کی شکایت
حیدرآباد ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ریاستی وزیر ملا ریڈی کی جانب سے غیر قانونی طور پر مندر کی تعمیر کے الزامات کا جائزہ لینے کیلئے عہدیداروں کی تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انوجی گوڑہ کے پارک میں ملاریڈی کی جانب سے مندر کی تعمیر کا الزام ہے۔ ریوینو ڈیویژنل آفیسر روی کمار، میونسپل کمشنر اے سریش اور گھٹکیسر کے تحصیلدار وجئے لکشمی نے متنازعہ اراضی کا معائنہ کیا اور پارک کی اراضی کو مندر کیلئے استعمال کرنے کا جائزہ لیا۔ یہ کمیٹی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ملا ریڈی نے مندر کی تعمیر کیلئے ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ عوامی پارک میں مندر کی تعمیر پر مقامی افراد کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔ ملاریڈی کا کہنا ہے کہ مندر کی تعمیر کے مسئلہ پر مقامی دو گروہوں میں اختلافات کے پیش نظر انہوں نے مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں حکومت نے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی جانب سے اراضیات پر قبضہ کے معاملات میں عہدیداروں کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اگر ملا ریڈی کے خلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں تو چیف منسٹر کے سی آر کیا کارروائی کریں گے۔