وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی مرکزی وزیر نیتن گڈکری سے ملاقات

   

تلنگانہ کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو عصری بنانے مرکز سے تعاون کی اپیل
حیدرآباد۔/27 نومبر ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نیتن گڈکری سے ملاقات کی۔ تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی، سریش شیٹکر، بلرام نائیک، رگھو رام ریڈی، جی ومشی کرشنا کے ہمراہ اس ملاقات میں پونم پربھاکر نے تلنگانہ میں زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل پر توجہ دلائی۔ انہوں نے تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن نظام کو واہن پورٹل سے مربوط کرنے اور ڈرائیونگ لائسنسوں کو سارتھی پورٹل سے مربوط کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے وہیکل اسکراپنگ کی سہولت فراہم کرنے اور سرکاری و خانگی اسکولوں میں روڈ سیفٹی شعور بیداری کیلئے چلڈرن ٹریفک اویرنیس پارکس کے قیام کی درخواست کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ رجسٹرڈ وہیکل اسکراپنگ کی سہولت کے دو مراکز کو منظوری دی گئی ہے جبکہ 37 آٹو میٹیڈ وہیکل فٹنس ٹسٹنگ اسٹیشنوں کو انتظامی منظوری دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کی خریدی اور رجسٹریشن پر صد فیصد روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس کو معاف کردیا ہے۔ انہوں نے میڑچل ملکاجگیری ضلع میں 40 ایکر اراضی کی نشاندہی کا حوالہ دیا جہاں حکومت انسٹی ٹیوٹ آف ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 15 ویں فینانس کمیشن کے ذریعہ اس سلسلہ میں تلنگانہ کی مدد کی اپیل کی گئی۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ ملٹی لین آٹو میٹیڈ وہیکل ٹسٹنگ اسٹیشن کے علاوہ انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کی تجویز ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک انفورسمنٹ اور ای چالان کے آٹو میشن کی نمائندگی کی۔ انہوں نے واہن اور سارتھی ایپ میں تلنگانہ کو سافٹ ویر تعاون کرنے کے علاوہ موٹر وہیکل انسپکٹرس اور اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹرس کو فیلڈ ٹریننگ، ڈرائیونگ ٹسٹنگ ٹریک کے علاوہ حسن آباد اسمبلی حلقہ میں زیر التواء پراجکٹس کیلئے رقومات جاری کرنے کی اپیل کی۔1