حیدرآباد 24 نومبر (این ایس ایس) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے اتوار کو دوپہر میں ارم منزل تا ایل بی نگر حیدرآباد میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ انھوں نے کھڑے ہوکر یہ سفر کیا اور مسافرین سے بات چیت کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولتوں اور سرویس پر بات کی۔ ایچ ایم آر کے عہدیداروں نے کہاکہ مسافرین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ اس سرویس سے خوش ہیں۔ انھوں نے وزیر موصوف کو بتایا کہ کام کے دنوں میں مسافرین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ چنانچہ اس کے پیش نظر اضافی ٹریپس چلائے جارہے ہیں اور مانگ پر ٹرینوں کی فریکونسی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ تقریباً تین لاکھ مسافرین میٹرو میں سفر کررہے ہیں۔ وزیر موصوف نے میٹرو ٹرین میں سفر کرتے ہوئے ارم منزل واپس ہوئے۔