وزیر پنچایت راج نے سماجی بھلائی اسکول کا اچانک معائنہ کیا، معیار تعلیم بہتر بنانے کی ہدایت، طلبہ سے مسائل پر بات چیت

   

حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے سماجی بھلائی کے تحت چلائے جانے والے اسکول کا اچانک دورہ کیا اور تعلیمی معیار کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وزیر نے اپنے انتخابی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد اچانک سوشیل ویلفیر اسکول پہنچ گئے۔ انہوں نے طلبہ سے بات چیت کی اور ٹیچرس کی حاضری اور تعلیم کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ دیاکر راؤ نے ٹیچرس سے بات چیت کرتے ہوئے طلبہ کو فراہم کی جارہی سہولتوں اور ہاسٹل میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر پنچایت راج نے ٹیچرس اور ہاسٹل کے ذمہ داروں سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جارہی سہولتوں میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ حکومت سماجی بھلائی کے اسکولوں میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے ٹیچرس سے کہا کہ وہ امتحانات میں طلبہ کے بہتر مظاہرے کو یقینی بنائیں اور سرکاری اسکولوں کا نام روشن کریں۔ دیاکر راؤ نے طلبہ سے کہا کہ وہ کسی بھی دشواری یا مسئلہ کی صورت میں ان سے راست طور پر ربط قائم کریں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ تمام طبقات کے غریب طلبہ کیلئے حکومت نے اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ انہیں معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی بھلائی اور دیگر طبقات کے اقامتی اسکولوں کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ ر