ممبئی: ونچیت بہوجن اگھاڑی کے بانی صدر پرکاش امبیڈکر نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے امریکہ اور ایلون مسک کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ آئین ساز ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ جو مودی خود کو وشو گرو قرار دیتے ہیں، انہوں نے ملک کو عملاً امریکہ کے حوالے کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نے ہندوستان کو امریکی مفادات اور ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کے حوالے کر دیا ہے ، جبکہ خود بھی مقامی اور بین الاقوامی کارپوریٹ آقاؤں کے تابع ہو گئے ہیں۔ دو مرتبہ لوک سبھا اور ایک بار راجیہ سبھا کے رکن رہنے والے امبیڈکر نے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں ہونے والے حالیہ سودوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2G اسپیکٹرم کیس میں سپریم کورٹ کے 2012 کے فیصلے کے باوجود حکومت نے اسپیکٹرم نیلامی میں شفافیت برقرار نہیں رکھی۔
گاؤں والوں کے ساتھ جھڑپ میں پولیس اہلکار کی موت
ارریہ: بہار میں ارریہ ضلع کے فلکاہا تھانہ علاقے میں گاؤں والوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہونے کے بعد ایک پولیس اہلکار کی موت ہو گئی۔ فوربس گنج کے سب ڈویژنل پولیس افسر مکیش کمار نے جمعرات کو بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر، فلکاہا تھانے کی پولیس آج صبح لکشمی پور گاؤں میں گانجہ اسمگلر انمول یادو کو گرفتار کرنے کے لیے گئی تھی۔ اس دوران گاؤں والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔
سب ڈویژنل پولیس افسر نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران فلکاہا تھانہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر راجیو کمار ملا (50) گر کر زخمی ہو گیا۔ زخمی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے ۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔