وضوخانہ کے حوض میں ’شیولنگ‘ کی موجودگی کا دعویٰ

,

   

گیان واپی مسجد معاملہ:
وضوخانہ کو سِیل کرنے کا وارانسی کورٹ کا حکم، مسلم فریق کا حکم کے خلاف کورٹ میں جانے کا اعلان

وارانسی۔ گیان واپی مسجد سروے کیس میں یوپی کی وارانسی عدالت نے مسجد کامپلکس میں تالاب کو سِیل کرنے کا حکم دیا ہے جہاں میبنہ طور پر شیولنگ پائے جانے کا ہندو فریق نے دعویٰ کیا ہے۔ معلومات کے مطابق مسجد سروے کے دوران مسجد کے اوپری حصہ میں جہاں نماز پڑھی جاتی ہے، اس کے قریب وضو کرنے کی جگہ ہے جس کے لئے ایک چھوٹا حوض بنایا گیا ہے۔ اسی وضوخانہ کے حوض میں شیولنگ ملنے کا فسطائی دعویٰ کیا گیا ہے۔ شیولنگ ملنے کے بعد ہندو فریق ضلعی عدالت پہنچ گیا۔ بنارس کی عدالت نے حکم دیا ہے کہ جس جگہ سے شیولنگ ملا ہے، اسے سِیل کردیا جائے۔ عدالت نے وارانسی ضلع انتظامیہ کو یہ حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس جگہ پر کسی کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگادی ہے جہاں وضوخانہ کے حوض میں مبینہ طور پر ’شیولنگ‘ ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ہندو درخواست گزار کے وکیل سبھاش نندن چترویدی نے کہا کہ ہم نے کل ہی اعتراض درج کرایا تھا۔ ہم نے وضوخانہ کا پانی سوکھا ہوا دیکھنا چاہا، آج ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہاں شیولنگ ہے۔ ہم نے یہ بات باہر بول کر یا عدالت میں جاکر کوئی توہین نہیں کی۔ ہم نے عدالت میں مطالبہ کیا کہ اس تالاب کو سِیل کیا جائے۔ مسلم فریق عدالت میں جانے کے لئے آزاد ہے۔ دوسری جانب مسلم فریق کے وکیل آلوک ناتھ یادو نے کہا کہ میں نے ابھی حکم کی کاپی پڑھی ہے، ہم تالاب کو سِیل کرنے کے حکم کو منسوخ کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کریں گے۔ ہم تمام قانونی کارروائی کریں گے۔ دراصل آج گیان واپی شرینگر گوری مسجد کے تیسرے دن کا سروے مکمل ہوگیا ہے اور کل سروے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ وہیں بنارس کورٹ میں ہندو خواتین کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد کے احاطہ کے اندر وضوخانہ کے حوض میں مبینہ طور پر شیولنگ ملا ہے۔ ایڈوکیٹ چترویدی کا کہنا ہے کہ تالاب کا استعمال ’شدھی کرن‘ کے لئے کیا جاتا تھا۔ خیال رہے کہ گیان واپی مسجد میں سروے کے خلاف مسجد کمیٹی کی عرضی کی سماعت بھی کل سپریم کورٹ میں ہونے والی ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بینچ اس عرضی پر سماعت کرے گی۔ گیان واپی تنازعہ کیس میں درخواست گزار انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے گیان واپی میں سروے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔