حیدرآباد3جون(یواین آئی)کھدوائی کے دوران قدیم نادر برتن اور زیورات پائے گئے یہ واقعہ تلنگانہ کے وقار آباد ضلع کے پرگی منڈل کے سلطان پور گاوں میں پیش آیا۔ذرائع نے بتایا کہ صدیق نامی شخص کی زمین کی کھدوائی کے دوران یہ اشیا پائی گئیں۔یہ کھدوائی مکان کی تعمیر کیلئے کی جارہی تھی۔اس بات کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی جس نے ان اشیا کا معائنہ کیا اور بعد ازاں ان اشیا کو ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے حوالے کردیا۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار محکمہ آثار قدیمہ کی مدد حاصل کررہے ہیں تاکہ ان اشیا کی حقیقت معلوم کی جاسکے ۔ان نادر اشیا کے پائے جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی گاوں والوں کی بڑی تعداد کھیت کے قریب پہنچ گئی تاکہ ان اشیا کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔