گورنمنٹ اردومیڈیم اسکول کے طلبہ سے مولانا عبدالعلیم فاروقی کا خطاب ‘سیاست کوئسچن بینک کی تقسیم
بچکنڈہ ۔31جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بچکندہ منڈل کے موضع حس گْل میں واقع گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول میں ادارہ سیاست کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات میں سیکنڈ لینگویج تلگو کی درسی کتابوں (کوئسچن بینک) کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس تعلیمی پروگرام کا مقصد طلبہ و طالبات میں تعلیمی شعور اجاگر کرنا اور انہیں امتحانات کی بہتر تیاری کے لیے سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی مولانا عبدالعلیم فاروقی، چیئرمین النور اسکول بچکندہ نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست تعلیمی، سماجی اور فلاحی میدان میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے جو لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں کیونکہ دسویں جماعت تعلیمی زندگی کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ مولانا عبدالعلیم فاروقی نے بالخصوص طالبات کو موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے سختی کے ساتھ اجتناب کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ موبائل فون قیمتی وقت کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے، اس لیے وقت کی قدر کریں، موبائل سے دور رہیں اور اپنی پوری توجہ تعلیم اور مطالعہ پر مرکوز رکھیں تاکہ کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظم و ضبط، محنت اور یکسوئی ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اس پروگرام میں مقامی سرپنچ و کانگریس پارٹی قائد نعیم پٹیل، عبدالرشید، منصور غوری، حاجی پٹیل، شیخ احمد، ببلو دادا، عامر سر، انا حیان کے علاوہ اساتذہ کرام اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے جنہوں نے ادارہ سیاست کے اس تعلیمی اقدام کو سراہا۔ آخر میں طلبہ و طالبات میں درسی کتابیں تقسیم کی گئیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔