وقف بل کو منسوخ کرنے حکومت سے مطالبہ

   

جنگاؤں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و دیگر کا خطاب

جنگاؤں۔/4 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقف ترمیمی بل کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج بعد نماز جمعہ ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں پر سینئر کانگریس قائد و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں یہ بل کو پاس کیا گیا ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں، مرکزی حکومت فوری اس بل کو واپس لے۔ ہندوستان بھر کے مسلمان آج اس بل کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں اس لئے کہ وقف کی جائیدادیں اللہ اور مسلمانوں کی ہیں جو ہمارے بڑے بزرگوں نے ہندوستان میں وقف کئے ہیں۔ وقف ترمیمی بل کو جلد سے جلد واپس لیا جائے، ہندوستان بھر کی سیکولر پارٹیاں آج مسلمانوں کا ساتھ دے رہی ہیں، ہم ان سیکولر ذہن رکھنے والے ہندو بھائیوں کے ساتھ مل کر علماء کرام کے مشورہ سے احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔ مرکزی حکومت مسلمانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے تو ہندوستان میں مسلمانوں کی بڑی تعداد معاشی طور پر کمزور ہے انہیں مرکزی حکومت سے قرض دے کر کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کرے۔ بی جے پی اور مرکزی حکومت کو مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا خیال ہے تو ان کو تعلیمی میدان میں مدد کرے، کئی غریب مسلمان تعلیمی میدان میں پیچھے ہیں ان کی مدد کرتے ہوئے ترقی دلائیں۔ مسلمانوں کے خلاف بل کو پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کی ترقی کی بات کررہے ہیں جبکہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے ، ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں نے اپنی جان و مال کی قربانی دی ہے۔ کبھی تین طلاق کا بل اور کبھی کوئی اور بل پیش کرتے ہوئے ہندوستان کے اچھے مل جل کر رہنے والے لوگوں کا ذہن خراب کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کہتے ہیں کہ ہم مسلمانوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، آپ کو مدد کرنا ہو تو تعلیمی، معاشی، میڈیکل طور پر مسلمانوں کی مدد کریں۔ ہندوستان سب کا ہے سب ملکر ہندوستان میں رہتے ہیں ، یہاں پر کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے۔ اس موقع پر محمد رفیق، میاں بھائی، مجو، غوثی، غالب، مصطفی، ارشاد، رحیم ، جانی، انور، سہیل، عظیم، اقبال، سلمان، بابا، خالد، کلیم اور دوسرے موجود تھے۔