54 اداروں کے صدورنشین کی فی الفور برخواستگی، چیف سکریٹری شانتی کماری کے احکامات
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری اداروں پر کے سی آر دور حکومت میں کئے گئے تقررات کو کالعدم کرنے کی کارروائی میں تیزی پیدا کردی ہے۔ حکومت نے پہلے اقدام کے طور پر کے سی آر دور حکومت کے مشیران کی خدمات کو ختم کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے۔ حکومت نے مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور نائب صدورنشین کے عہدوں پر بی آر ایس قائدین کی بدستور برقراری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آج 54 مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور نائب صدورنشین کی خدمات کو برخواست کردیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او آر ٹی 1624 جاری کرتے ہوئے 7 ڈسمبر سے خدمات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن صدورنشین کی خدمات کو ختم کردیا گیا ان میں 4 اقلیتی اداروں کے صدورنشین شامل ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی محمد خواجہ مجیب الدین اور صدرنشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد امتیاز اسحق شامل ہیں۔ جی او میں مذکورہ صدورنشین کے تقررات سے متعلق احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی خدمات کو برخواست کردیا گیا ہے۔ جن دیگر کارپوریشنوں کے صدورنشین کی خدمات برخواست کردی گئیں ان میں اسٹیٹ اگرو انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ٹی وجئے سمہا ریڈی، ٹی راجیا صدرنشین رعیتو بندھو سمیتی، کوٹیشور راؤ صدرنشین تلنگانہ سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن، جی تمپا صدرنشین اسٹیٹ کوآپریٹیو کنزیومرس فیڈریشن، ایم گنگا ریڈی صدرنشین مارکفیڈ، کے رامو کرشنا ریڈی صدرنشین کوآپریٹیو آئیل سیڈس گروورس فیڈریشن، وی رجنی ویر ہاؤزنگ کارپوریشن، ڈی بالراجو شیپ اینڈ گوٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بھرت کمار ڈیری ڈیولپمنٹ فیڈریشن، این سریدھر تلنگانہ موسٹ بیاک ورڈ کلاسیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن، سردار رویندر سنگھ سیول سپلائیز کارپوریشن، پروفیسر آر لمبادری کونسل فار ہائیر ایجوکیشن، پروفیسر وی وینکٹ رمنا نائب صدرنشین اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن، پرتاب ریڈی فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، الم نارائنا چیرمین میڈیا اکیڈیمی، ای سرینواس میڈیکل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بی سمپت کمار ہینڈی کرافٹ کارپوریشن، محمد تنویر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ایس وینوگوپال چاری اریگیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن، پی نارائنا تلنگانہ اقل ترین تنخواہوں سے متعلق اڈوائزری بورڈ، ایس ریڈی سندر راج کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، پربھاکر ریڈی نظام آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، رویندر ریڈی سدی پیٹ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، وینکنا مدیراج محبوب نگر اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی، یو وینکٹیش مشن بھگیرتا، جی نگیش بیوریجس کارپوریشن، ایم سرینواس روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، یادگیری ریڈی روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ایم راجو ساگر تلنگانہ فوڈس، جی سرینواس ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، جی گوری شنکر ساہتیہ اکیڈیمی اور ڈاکٹر انجنے گوڑ صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ شامل ہیں۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ صدورنشین کی جانب سے کنٹراکٹ یا آؤٹ سورسنگ بنیادوں پر کئے گئے تقررات بھی فوری ختم ہوجائیں گے۔ ایسے سرکاری ملازمین جو پی اے، پی ایس یا او ایس ڈی کے طور پر کام کررہے تھے اپنے محکمہ جات میں واپس ہوجائیں گے۔ چیف سکریٹری نے احکامات پر عمل آوری کیلئے محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اور سکریٹریز کو ہدایت دی ہے۔