وقف بورڈ این او سی اسکام کیس میں عدم پیشرفت

   

وزیر داخلہ کا اظہار برہمی، تحقیقات میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وقف بورڈ میں جاری دھاندلیوں اور حالیہ دنوں منظر عام پر آئے این او سی اسکام معاملہ کا ریاستی وزیر داخلہ نے جائزہ لیا ہے۔ شکایت کے باوجود مقدمہ میں عدم پیشرفت پر برہم ریاستی وزیر داخلہ نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کیا ہے۔ 24جنوری دوپہر 3 بجے ڈی ایس پی، اے ایس پی اور سرکل انسپکٹر کو وزیر داخلہ کی پیشی میں طلب کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ میں حالیہ دنوں منظر عام پر آئے این او سی کے معاملات پر سرکاری محکموں میں بے چینی اور بدنامی کا خوف پایا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں وزیر داخلہ بھی حکومت کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے خاطیوں کو جلد از جلد سزا دلانے کے حق میں ہیں۔ وزیر داخلہ کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق این او سی مقدمات میں پولیس تحقیقات کا جائزہ لیا جائے گا اور تحقیقات میں شدت پیدا کرنے کے لئے امکان ہے کہ مقدمہ کو ٹاسک فورس یا پھر خصوصی ایجنسی کے حوالے کیا جائے گا۔