صدرنشین محمد سلیم نے مختلف سیکشنوں کا اچانک معائنہ کیا
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج اچانک بورڈ کے مختلف سیکشنوں کا دورہ کرتے ہوئے فائلوں کی یکسوئی میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مختلف سیکشنوں میں موجود زیر التواء فائلوں اور ٹپال سیکشن میں موجود درخواستوں اور سرکاری مراسلت کی یکسوئی میں تاخیر پر متعلقہ عہدیداروں سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی میں تاخیر کے نتیجہ میں عوام روزانہ وقف بورڈ کے دفتر آنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدرنشین اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی ہدایت کے باوجود فائلوں کی یکسوئی میں تاخیر کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فائلوں کی یکسوئی کے ذریعہ وقف بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کی حاضری پر نظر رکھنے کی ہدایت دی تاکہ ہر ملازم مقررہ وقت پر اپنی نشست پر موجود رہے ۔ انہوں نے ٹپال سیکشن میں عوامی درخواستوں اور سرکاری مراسلت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی درخواستوں کو متعلقہ سیکشنوں تک پہنچایا جائے تاکہ ناجائز قبضوں سے متعلق شکایتوںکی فوری یکسوئی ہو۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور دیگر محکمہ جات سے ملنے والے مکتوب اور مراسلوں کو فوری عہدیداروں تک پہنچایا جائے۔ محمد سلیم نے کہا کہ دوبارہ معائنہ کے وقت اگر کوئی کوتاہی دیکھی گئی تو متعلقہ سیکشن کے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ R