وقف بورڈ کا ملازم کورونا پازیٹیو ، ملازمین میں ہلچل

   

حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) حج ہائوز کی عمارت میں وقف بورڈ کے ایک ملازم میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد عمارت میں واقع اقلیتی بہبود کے دفاتر میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے۔ وقف بورڈ کے ایک اٹینڈر میں کورونا پازیٹیو پایا گیا جسے علاج کے لیے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بتایاجاتا ہے کہ عمارت میں کام کرنے والے بعض دیگر ملازمین کی طبیعت بھی خراب ہے اور ان میں کورونا کی ابتدائی علامات دیکھی جارہی ہیں۔ ان ملازمین کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی گئی۔ اقلیتی بہبود کے دفاتر پر مشتمل حج ہائوز کی عمارت میں کورونا کے داخلے نے نہ صرف عہدیداروں اور ملازمین بلکہ وہاں مختلف کاموں سے جانے والے وزیٹرس میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ آج سہ پہر جیسے ہی وقف بورڈ کے اٹینڈر میں کورونا پازیٹیو سے متعلق رپورٹ حج ہائوز میں عام ہوئی وہاں موجود دفاتر میں افراتفری کا ماحول دیکھا گیا۔ نہ صرف وقف بورڈ بلکہ دیگر اقلیتی دفاتر کے عہدیدار و ملازمین فوری اپنے گھروں کے لیے روانہ ہوگئے اور عمارت سنسان دکھائی دینے لگی۔ واضح رہے کہ 12 جون کو روزنامہ سیاست نے حج ہائوز میں کورونا وائرس کے لاحق خطرے کے بارے میں رپورٹ شائع کی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمارت میں احتیاطی تدابیر کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑسکتا ہے۔ عہدیداروں کی لاپرواہی اور مکمل عمارت کو سانیٹائز کرنے میں تاخیر کے نتیجہ میں آخرکار کورونا کا ایک پازیٹیو کیس منظر عام پر آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کا 62 سالہ یہ اٹینڈر ڈائلاسس کا مریض ہے اور بنجارہ ہلز کے ایک خانگی ہاسپٹل میں علاج کے دوران آج کورونا پازیٹیو رپورٹ منظر عام پر آئی۔ یہ ملازم گزشتہ چند دنوں سے دفتر نہیں آرہا تھا۔ ملازم کے گھر والوں نے کورونا پازیٹیو کی رپورٹ کے ساتھ رخصت کی درخواست وقف بورڈ حکام کو پیش کی جس کے ساتھ ہی وقف بورڈ میں سنسنی دوڑ گئی۔