نئی دہلی، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستان کی نوجوان شوٹر ایلاوینل ولاروان نے برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جینرو میں سال کے چوتھے اور آخری آئی ایس ایس ایف عالمی کپ رائفل / پسٹل ٹورنامنٹ کے پہلے دن شاندار آغاز کرتے ہوئے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ولاروان نے اپنے ڈیبو سال میں اپنا پہلا سینئر عالمی کپ طلائی تمغہ جیتا۔ ان کے ہم وطن اور عالمی چمپئن شپ کی سلور فاتح انجم مدگل نے سال کے اپنے تیسرے عالمی کپ فائنل میں جگہ بنائی لیکن وہ پانچویں نمبر پر رہیں۔ولاروان نے فائنل میں 251.7 کا اسکور کیا جبکہ برطانیہ کی سیونیڈ میکنٹوش کو 250.6 کے اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ ملا۔ تائی پے کی ینگ شن لن نے کانسی کا تمغہ جیتا اور اس مقابلے میں ٹوکیو اولمپکس کا کوٹہ حاصل کر لیا۔ دوسرا کوٹہ ایران کے حصے میں گیا۔ ہندستان نے اس سال خواتین 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں چار ورلڈ کپ میں تین میں طلائی تمغہ جیت لیے ہیں۔گجرات کے ولاروان نے کوالیفکیشن میں 629.4 کا اسکور کر چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔ مدگل کا اسکور 629.1 رہا تھا اور وہ پانچویں مقام پر رہ کر آٹھ نشانے بازوں کے فائنل میں پہنچی تھیں۔ دنیا کی نمبر ایک اور فائنلس کے عالمی ریکارڈ حامل اپوروي چندیلا 627.7 کے اسکور کے ساتھ 11 ویں نمبر پر رہ گئیں۔خواتین کی 25 میٹر پسٹل مقابلے میں انوراج سنگھ نے پریسجن مرحلے میں 292 کا اسکور کیا اور وہ ریپڈ فائر راؤنڈ سے پہلے 12 ویں مقام پر ہیں۔ چنکي یادو 290 کا اسکور کر 17 ویں اور ابھدنیا اشوک پاٹل 286 کا اسکور کر 43 ویں نمبر پر ہیں۔مردوں کی 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلے میں پہلے ایلی منیشن راؤنڈ میں سنجیو راجپوت نے 1170 کا اسکور کیا اور وہ 14 ویں نمبر پر ہیں۔ پارول کمار 1169 کے اسکور کے ساتھ 10 ویں اور چین سنگھ 1163 کے اسکور کے ساتھ 27 ویں نمبر پر ہیں۔