نامور ریسلرزکی کانگریس میں شمولیت متوقع، اسمبلی الیکشن لڑنے کے اشارے
نئی دہلی: ریسلر ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کے ہریانہ اسمبلی انتخابات لڑنے کی بات چیت کے دوران انہوں نے دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں کے انتخاب لڑنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ راہول سے ملنے کے بعد وہ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینگوپال سے بھی ملے۔ونیش کے تایا مہاویر پھوگاٹ نے کہاکہ ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس میں شامل ہونے کے لئے دہلی پہنچے ہیں۔ دونوں کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔کانگریس کے ذرائع کے مطابق پارٹی ونیش کو 3 اور بجرنگ کو 2 سیٹوں سے انتخاب لڑنے کا آپشن دے چکی ہے۔ ونیش پھوگاٹ اپنے سسرال جند کے جولا نہ یا دادری سے اور بجرنگ پونیا جھجر کے باولی سے انتخابات لڑ سکتے ہیں۔تاہم کانگریس کے ریاستی انچارج دیپک بابریا نے منگل کو کہا تھاکہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ ونیش پھوگاٹ کا ہوگا۔ اس بارے میں جلد ہی صورتحال واضح ہو جائے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کی کوشش ہے کہ دونوں کو اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنا کر پہلوان تحریک کو بی جے پی کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔ بجرنگ پونیا کے انتخاب لڑنے کے بارے میں کانگریس کو مثبت اشارے ملے ہیں، لیکن بات ونیش پر منحصر ہے۔کانگریس کے ذرائع کے مطابق ونیش پھوگاٹ کو جن 3 سیٹوں کی پیشکش کی گئی ہے۔