’’ون نیشن ، ون راشن کارڈ ‘‘ اسکیم یکم جون سے لاگو

,

   

بعض ریاستوں میں جنوری سے شروعات ہوگئی، آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کی شرط : پاسوان

نئی دہلی۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے راجیہ سبھا کو مطلع کیا ہے کہ ’’ون نیشن، ون راشن کارڈ‘‘ اسکیم بعض شمال مشرقی ریاستوں کے سواء سارے ملک میں یکم جون سے لاگو ہوجائے گی۔ یہ اسکیم کسی بھی استفادہ کنندہ کو ملک میں کسی بھی مقام سے رعایتی شرح پر راشن حاصل کرنے کا قابل بناتی ہے بشرطیکہ راشن کارڈ کو آدھار سے مربوط کیا جائے۔ اس سلسلے میں راشن شاپس پر 100 فیصدی پی او ایس مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ وزیر تغذیہ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ یہ اسکیم یکم جنوری سے 12 ریاستوں میں شروع کی جاچکی ہے جو آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹرا، گجرات، کیرلا، کرناٹک، راجستھان، ہریانہ، تریپورہ، گوا، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش ہیں۔ پاسوان نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت نئے راشن کارڈس حاصل کرنے کی ضرورت نہ ہوگی اور اس ضمن میں افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیا جائے۔ افواہیں پھیلانے والوں کو سی بی آئی کے حوالے کیا جائے گا۔ پاسوان نے کہا کہ جیسے جیسے ریاستیں درکار قواعد و ضوابط مکمل کرلیں، وہ اس اسکیم کے تحت آجائیں گے اور ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی کہ تمام راشن شاپس پر آدھار سے راشن کارڈس کو مربوط کریں اور پی او ایس مشینیں نصب کرائیں۔ انہوں نے تمام ریاستی حکومتوں سے جون تک یہ کام کرلینے کی اپیل کی تاکہ یکم جون سے اسکیم کو ملک بھر میں قابل عمل بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم ڈائرکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے لئے بھی قابل اطلاق رہے گی۔