ون نیشن ون الیکشن اوریو سی سی جلد حقیقت بن جائیں گے: مودی

,

   

284 کروڑ کے ترقیاتی پراجکٹس کا افتتاح ‘گجرات میں یوم قومی اتحادکے موقع پر وزیر اعظم کا خطاب

کیواڈیا(گجرات ): وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کی شدت کے ساتھ حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں ایک قوم، ایک سیکولر سیول کوڈ کو لاگو کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک مضبوط ہوگا۔ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر گجرات کے کیواڈیا میں راشٹریہ ایکتا دیوس (قومی اتحاد کا دن) کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پریڈ کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ون نیشن ون الیکشن کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کی طرف ایک اہم قدم ہوگا جو ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرے گا۔مودی نے کہا کہ آج ہم سب ایک قومی شناخت ۔ آدھار کی کامیابی دیکھ رہے ہیں اور دنیا بھی اس پر بحث کر رہی ہے۔ اس سے پہلے ہندوستان میں مختلف ٹیکس نظام تھے لیکن ہم نے ون نیشن ون ٹیکس سسٹم ۔ جی ایس ٹی بنایا۔ ہم نے ون نیشن ون پاور گرڈ سے ملک کے پاور سیکٹر کو مضبوط کیا۔ ہم نے ون نیشن ون راشن کارڈ کے ذریعہ غریبوں کو دستیاب سہولیات کو مربوط کیا۔ ہم نے آیوشمان بھارت کی شکل میں ملک کے لوگوں کو ون نیشن ون ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد کے لیے ہماری ان کوششوں کے تحت اب ہم ون نیشن ون الیکشن کی طرف کام کر رہے ہیں جس سے ہندوستان کی جمہوریت مضبوط ہوگی اور ملک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حاصل کرنے میں نئی رفتار حاصل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہندوستان ایک ملک ایک سیول کوڈ کی طرف بڑھ رہا ہے جو کہ ایک سیکولر سیول کوڈ ہے۔ اس موقع پر مودی نے ایکتا دیوس کا عہد کروایا اور راشٹریہ ایکتا دیوس پریڈ کا مشاہدہ کیا۔مودی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت رتن سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے کہا کہ قومی یکجہتی اور خودمختاری ان کی زندگی کی اولین ترجیح تھے۔ مودی نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ ان طاقتوں کو ان کے ماسک کے ذریعے پہچانا جانا چاہیے جو ہندوستان کی شبیہہ کو منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ ملک کی دفاعی افواج کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں اور ایک غلط معلومات کی مہم پھیلا رہے ہیں۔ ان کا مقصد معاشرے کو کمزور کرنا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ہندوستان ترقی کرے کیونکہ ان کی سیاست ایک کمزور ہندوستان کی ہے ۔ وہ آئین کے نام پر وہ ملک کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے گجرات میں 284 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اورفسرکاری ملازمین سے معیار زندگی کو بلند کرنے پر زور دیا۔