ووٹر آئی ڈی کارڈ کو آدھار کارڈسے مربوط کرنے کی تجویز ۔ چیف الیکشن کمشنر کا منگل کو اہم اجلاس

,

   

ربع صدی سے زیر التواء مسئلہ کی یکسوئی کیلئے مساعی
نئی دہلی : چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اعلی سرکاری عہدیداروں اور آدھار ادارہ کے چیف ایگزیکیٹیو کے ساتھ ایک تجویز پر تبادلہ خیال کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ یہ تبادلہ خیال آدھار کو ووٹر شناختی کارڈ سے جوڑنے سے متعلق ہوگا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ الیکشن کمشنر نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملک میں بڑی تعداد میں ڈوپلیکیٹ ووٹر شناختی کارڈز موجود ہیں۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ ان کارڈز کا الیکشن کے موقع پر بیجا استعمال کیا جاتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ منگل کو ایک اجلاس منعقد ہوگا ۔ ذرائع کے بموجب جن اعلی عہدیداروں کو اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ان میں معتمد داخلہ : سکریٹری لیجسلیٹیو محکمہ اور سی ای او یونیک آئیڈنٹیفیکیشن اتھاریٹی آف انڈیا ( UIDAI ) شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ایسے مسائل کو حل کرنے کیلئے سرگرم رول ادا کر رہے ہیں جو کئی دہوں سے زیر التواء ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ گیانیش کمار کو ابھی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ایک ماہ بھی نہیں ہوا ہے لیکن انہوں نے ان مسائل پر اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈپلیکیٹ ووٹر آئی ڈی کارڈ کا مسئلہ تقریبا 25 برس سے زیر التاوء ہے اور نئے چیف الیکشن کمشنر اس کو آئندہ تین ماہ میں حل کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس ( ای آر اوز ) کی سطح پر کل جماعتی اجلاس بھی طلب کئے جائیں گے ۔ یہ اجلاس ضلع الیکشن آفیسر اور چیف الیکٹورل آفیسر کی سطح پر بھی 31 مارچ سے قبل منعقد کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گیانیش کمار تمام قومی اور ریاستی جماعتوں سے قانون کے دائرہ میں 30 اپریل تک تجاویز طلب کریں گے ۔ یہ کوشش کئی دہوں میں ہونے والی پہلی کوشش کہی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ فیلڈ سطح کے سیاسی ایجنٹس بشمول بوتھ لیول ایجنٹس ‘ پولنگ ایجنٹس ‘ کاؤنٹنگ ایجنٹس اور الیکشن ایجنٹس کو ان کے رول کے تعلق سے تربیت دی جائے گی ۔ کہا گیا ہے کہ وہ تمام ہندوستانی جو 18 سال سے زائد عمر کے ہیں وہ ووٹ دینے کے اہل ہونے چاہئیں۔ آدھار کارڈ کو ووٹر آئی ڈی کارڈ سے مربوط کرنا صحیح سمت میں ایک قدم ہے ۔ملک کی مختلف ریاستوں میں ڈپلیکیٹ ووٹر کارڈ نمبرس الاٹ کرنے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی مدد کیلئے ووٹر لسٹ تیار کر رہا ہے ۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے بھی لوک سبھا میں اسی طرح کے الزامات عائد کئے تھے ۔