ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام انتظامات مکمل: وکاس راج

   

سخت سیکوریٹی انتظامات، 34 مراکز پر ووٹوں کی گنتی، 144 سیکشن نافذ

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ 4 جون کو ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز کی سی سی کیمروں کے ذریعہ کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ پہلے پوسٹل ووٹ کی گنتی ہوگی اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے 10 ہزار عملہ کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ ووٹوں کی گنتی مراکز میں داخل ہونے والے ایجنٹ کو سیل فون ساتھ میں رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے پاس 144 سیکشن نافذ کردیا گیا ہے۔ واضح رہیکہ 13 مئی کو تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کے بشمول اسمبلی حلقوں کنٹونمنٹ کا ضمنی انتخاب منعقد ہوا تھا جس کی 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہورہی ہے۔ کاونٹنگ مراکز کے پاس پولیس کی بھاری سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وکاس راج نے مختلف سیاسی جماعتوں کے ایجنٹس کو مشورہ دیا کہ وہ صبح 7 بجے تک ووٹوں کی گنتی مراکز پہنچ جائے۔ پوسٹل بیالٹ کی گنتی کیلئے 19 کاونٹنگ مراکز میں 276 ٹیبلس کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 135 اسکیاننگ سنٹرس قائم کئے گئے۔ ریاست تلنگانہ میں 34 مراکز پر ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ تین مقامات یاقوت پورہ، چپہ ڈنڈیا اور دیورکنڈہ میں 24 راونڈس کی گنتی ہوگی۔ آرمور، بھدراچلم اور اشواراؤ پیٹ میں 13 راونڈس کی کاونٹنگ ہوگی۔ دوپہر 3 بجے تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے امکانات ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ سرویس ووٹرس کیلئے مختص کردہ آئی ٹی پی بی ووٹوں کی گنتی بھی پوسٹل بیالٹ مراکز میں ہوگی۔ ان کیلئے علحدہ ٹیبلس کا انتظام کیا گیا ہے۔ وی وی پیاٹ سلپس کی گنتی کیلئے ای وی ایم ووٹوں کی گنتی مراکز میں خصوصی کیابنس کا انتظام کیا گیا ہے۔ نتائج کے اعلان کیلئے ہر کاونٹنگ سنٹر کے پاس بورڈس لگائے گئے ہیں۔2