ووٹ بینک کیلئے نہیں بلکہ نئے بھارت کی تشکیل کیلئے حکومت سرگرم : نریندر مودی

   

غریبوں اور نوجوانوں کی بھلائی اولین ترجیح، کسان اسکیم کے استفادہ کنندگان سے حیدرآباد میں وزیر اعظم کا ورچول خطاب
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بی جے پی اور ان کی حکومت ووٹ بینک کیلئے نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی پر مبنی نئے بھارت کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر اعظم آج حیدرآباد کے سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار ڈرائی لینڈ اگریکلچر میں کسان سنمان ندھی اسکیم کے استفادہ کنندگان سے ورچول خطاب کررہے تھے۔ تلنگانہ میں اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارت کے اسٹارٹ اَپ کی زبردست ستائش کی جارہی ہے۔ دنیا کے کئی ممالک نے نئی صنعتوں کے قیام سے متعلق اسٹارٹ اَپ اسکیم پر عمل آوری کی تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں ہندوستان نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ ملک ہر طرح سے محفوظ رہے۔ ملک کی سلامتی کیلئے سرجیکل اسٹرائیک انجام دیئے گئے جس پر عوام کو فخر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی خدمت، بہتر حکمرانی اور غریبوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ جہتی ترقی کیلئے ہر ریاست میں ڈبل انجن سرکار ہونی چاہیئے جس کے نتیجہ میں کرپشن اور بدعنوانیوں میں کمی واقع ہوگی اور عوام کی بھلائی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ حل طلب مسائل پر حکومت توجہ دے پائے گی۔ وزیر اعظم کی کسان سنمان ندھی اسکیم کے تحت کسانوں کے بینک کھاتوں میں راست طور پر رقم منتقل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کرے گی اور ان کے بچوں کے تابناک مستقبل کو یقینی بنائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے کئی دشواریوں کے باوجود 200 کروڑ کی ویکسین مفت سربراہ کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو خود مکتفی اور خود روزگار اسکیمات سے وابستہ کرنے کیلئے قرض فراہم کئے جارہے ہیں۔ حکومت ووٹ بینک کیلئے نہیں بلکہ نئے ہندوستان کی تشکیل کے حق میں کام کررہی ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ ر