ووہان ملاقات کے بعد ہند۔چین تعاون میں تیزی

   

بیجنگ۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال کی چوٹی کانفرنس جو وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر ژی جن پنگ کے درمیان ووہان میں ہوئی تھی دونوں ممالک کے درمیان آپسی تعلقات میں نہ صرف تیزی آئی بلکہ صحیح سمت میں جاری ہیں۔ دونوں ممالک نے عالمی غیر یقینی کیفیت کے باعث آپسی تعلقات میں بہتری کا اعادہ کیا ہے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ووہان میں دونوں قائدین کے درمیان بات چیت نے آپسی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ انہوںن ے ہند۔چین تعلقات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف آپسی تعلقات بلکہ اعلی سطح کی آپسی دوستی کو پروان چڑھانے میں وقت بہ وقت تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں اس کے علاوہ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستحکم اور متوازن تعلقات کی بدولت دنیا میں امن اور ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اور چینی وزیر خارجہ وانگ ی کے درمیان گزشتہ ماہ ملاقات کے بعد دونوں قائدین نے ’’دس ستون ‘‘ فریم ورک کے تحت کام کرنے کا عزم کیا ہے۔