اردو اکیڈیمی جدہ کے یوم قومی تعلیم پروگرام سے قونصل جنرل ہند برائے سعودی عرب محمد شاہد عالم کا دردمندانہ خطاب
جدہ۔ 15 نومبر(ذریعہ میل) اردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے بھارت رتن، آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابولکلام آزاد کے یوم پیدائش پر روایتی سالانہ پروگرام 22 واں یوم قومی تعلیم قونصل خانہ ہند کے احاطے میں بڑے ہی تزک و احتشام سے منعقد کیا گیا ۔ باب الداخلہ پر قدرت نواز بیگ اردو اکیڈمی جدہ نے، شرکاء تقریب ہندوستان کے معروف شاعر و مہمان اعزازی محترم حلیم بابر کے علاوہ مدارس کے اساتذہ طلبہ ان کے اولیا اور مختلف انجمنوں کے ذمہ داران و شعراء کرام کا خوش دلی و گرم جوشی سے استقبال کیا۔ اس پرشکوہ تقریب کے مرکزی ناظم اسلم افغانی نظامت کی شروعات حافظ و قاری محمد ذیشان علی کی تلاوت کلام پاک سے کی، اس کے بعد سید خالد محمد حسین مدنی نے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ رسالت میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد کمسن طالب علم سید ایان الدین احمد قادری نے اردو نظم پیش کی جسے سامعین نے بہت پسند کیا۔اردو تقریری مقابلوں کے آغاز کے لئے ڈائس پر ایک ہونہار طالب علم ابھرتے ہوے ناظم سید نبید الدین کے حوالے کیا گیا جنہوں نے خوبصورت نظامت کرتے ہوے پائے تکمیل کو پہنچایا۔اردو اکیڈمی جدہ 22 سال سے یہ تقریب منعقد کرتی چلی آرہی ہے تا کہ نسل نو اپنے اجداد کی قربانیوں اور کارناموں سے روشناس ہوں۔ عزت مآب محمد شاہد عالم قونصل جنرل ھند جدہ کی آمد پر انکا استقبال شاندار پیمانے پر کیا گیا۔ پروگرام کے دوسرے مرحلہ کیلئے قونصل جنرل کا صدر اردو اکیڈمی جدہ، جناب حافظ محمد عبدالسلام، نائب صدر سید خالد محمد حسین مدنی اور معتمد سید نعیم الدین صاحبان نے اسٹیج پر استقبال کیا اور مشاعرے قدیم کی ادبی روایت کو زندہ کرتے ہوے شمع جلاکر تمثیلی مشاعرے کا آغاز کیا۔ شعراء و شاعرات کی تمثیل بہت پر اثر اور خوبصورت انداز میں لڑکے اور لڑکیوں نے اسطرح پیش کیں : فاطمہ فواز ۔ نسیم نکہت محمد مونس پٹیل ۔ منور رانا فائزہ سید الطاف ۔ صبا بلرام پوری عبد الرحمن شریف ۔ بیکل اتساہی سارہ جنید۔ لتا حیاء ارحم اجلال۔ ابرار کاشف شمیلہ جلیل۔ عنبرین حسیب عمبر جنان سید ۔ راحت اندوری عائشہ سعد ۔ انجم رہبر عبد الرحمن سیٹھ۔ اقبال اشہر : واضح رہے کہ سالانہ اردو میگزین مولانا آزاد کے 22 ویں شمارہ منور خان صاحب نے پیش کیا جس کی رونمائی بدست قونصل جنرل کی گئی جسے سابقہ کارگزار صدر اکیڈمی و چیف ایڈیٹر شیخ ابراہیم نے اپنے معاونین جنرل سیکرٹری سلیم فاروقی، رفعت صدیقی اور ہاشم علی صاحبان کی مدد سے ترتیب دیا تھا۔ صدر محمد عبدالسلام نے اپنی تقریر میں اردو کے فروغ پر زور دیا اور اساتذہ طلباء و اولیاء طلباء کی ستائش کی۔ جناب سید خالد حسین مدنی نائب صدر نے اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوے سپاس نامہ پیش کیا۔ مہمان اعزازی محترم حلیم بابر ، صدر بزم کہکشاں محبوب نگر تلنگانہ نے عزت مآب محمد شاہد عالم قونصل جنرل ھند جدہ سے اردو کی گرانقدر خدمات کے لئے سپاس نامہ قبول کرتے ہوے اس خوبصورت پروگرام پر اردو اکیڈمی جدہ کو مبارکباد پیش کی اور بانیان اردو اکیڈمی جدہ، سید جمال اللہ قادری مرحوم و آصف صمدانی مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی۔ جناب حلیم بابر نے اس موقع پر مولانا ابوالکلام آزاد کی یاد میں منظوم خراج عقیدت اس طرح پیش کیا: ’’روشن وہ کرکے علم کے گوہر چلا گیا، ملت کا رہنما و سخنور چلا گیا۔ دن رات اس کو فکر تھی ہندوستان کی، ہندوستان کا مونس و دلبر چلا گیا۔‘‘ قونصل جنرل ھند جدہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اپنے والدین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم میں اردو کو شامل کیا تھا تب سے وہ اردو کے ذریعہ ہی دوسری زبانیں سیکھیں ہیں، اردو اس لئے میٹھی زبان ہے کہ اس میں احساسات کو اجاگر کرنے کی خوبی ہے اور یہ محبت کا درس دیتی ہے۔ تاریخ کی گہرائیوں میں کئی زبانیں دفن ہو چکی ہیں جسے قوم نے بھلا دیا، اردو کو زندہ رکھنا ہے تو اپنے بچوں کو اردو تعلیم سے آراستہ کیجئے۔ انہوں نے اس پروگرام میں حصہ لینے والے مختلف مدارس کے اساتذہ و طلباء کی بہت ستائش کی۔ اور کہا اردو کو زندہ رکھنے کے لئے تمثیلی مشاعروں اور اردو تقریری مقابلوں کا انعقاد بہت عمدہ قدم ہے اور انہیں تمثیلی مشاعرہ بہت پسند ہے بلکہ وہ آئندہ بھی اردو کی ترویج کے لئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔قونصل جنرل ھند جدہ، طلباء کی پیشکش سے بہت متاثر ہوے اور ان کو تیار کرنے میں اساتذہ کے رول کی بہت ستائش کرتے ہوے انہیں اردو اکیڈمی جدہ کے مومنٹوز اپنے ہاتھوں سے اسطرح پیش کیا۔ اخلاق رضی، رخسانہ مراد انجم الفلاح DPS اسکول جدہ حنا اقبال ، الورود انٹرنیشنل اسکول جدہ، عقیل احمد الموارید انٹرنیشنل اسکول جدہ، ذکیہ فاطمہ دوحہ العلوم اسکول جدہ، شکیلہ علی جعفر ، عبیدالرحمن ، فرزانہ بیگم ، فاطمہ بیگم ، انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ جاں نثار ندوی اہداب انٹرنیشنل اسکول جدہ۔ سرٹیفکیٹ اور مومنٹوز تیار کرنے میں غلمان رضا، محمد یوسف، قدرت نواز بیگ اور سمیع فاروقی صاحبان نے تعاون کیا۔ سیکریٹری اردو اکیڈمی جدہ جناب سید نعیم الدین نے فردا فردا تمام اسٹاف انڈین قونصلیٹ، غلمان رضا ، متین عثمانی، شیخ علیم ، ارکان اردو اکیڈمی، و تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوے پروگرام کی تکمیل کی۔