سری نگر : پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب بیگ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے زرعی قوانین کی منسوخی کے اعلان کو جمہوریت کی جیت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اب وہ قوانین بھی منسوخ کئے جائیں جن سے جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے حقوق چھینے گئے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے سے یہ بات صاف ہوئی ہے کہ ملک میں عوام ہی طاقت کااصل سرچشمہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم واقعی ‘دل کی دوری اور دلی سے دوری’ کی بات کرتے ہیں تو انہیں ہمیں بھروسہ دلانا ہوگا کہ یہاں حیدر پورہ جیسے واقعات دوبارہ وقوع پذیر نہیں ہوں گے ۔موصوف جنرل سیکریٹری نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘حیدر پورہ واقعے سے پورے قوم نے درد محسوس کیا اور ہم نے نا انصافی کے خلاف ایک ہو کر آواز بلند کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اگر واقعی ‘دل کی دوری اور دلی سے دوری’ کی بات کرتے ہیں تو انہیں ہمیں، بچوں اور لواحیقن کو بھروسہ دلانا ہوگا کہ یہاں ایسے واقعات اب وقوع پذیر نہیں ہوں گے اور یہاں آکر ہمارا درد بانٹنا ہوگا۔