ویتنام میں گیس دھماکہ، 6 افراد ہلاک

   

ہنوئی ۔ 24 نومبر (ایجنسیز) ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگ دا میں کھانا پکانے والی گیس کے مبینہ دھماکے کے نتیجہ میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکہ 24 نومبر کی صبح تقریباً 8 بجے ایک کھانے پینے کی دکان میں ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی مکانات کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں، فائر فائٹرز اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کردی۔زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے متاثرہ عمارت کے آس پاس رہنے والے شہریوں کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت منتقل کردیا ہے۔