سروے میں انکشاف‘ ہندوستانیوں کو نشانہ بنانے امریکی محکمہ کی تردید
نئی دہلی :امریکہ میں طلباء کے ؎ویزے منسو خی کے معاملہ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان میں بیشتر کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔سرکاری ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ہندوستانی وزارت خارجہ نے ہندوستانی طلباء کے ساتھ امریکی محکمہ کے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے جنہیں سفارتی ذرائع سے ویزا منسوخی کے نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ اس معاملے کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے مذاکرات کیلئے جو پیر21 اپریل کو دہلی پہنچنے سے پہلے اٹھایا گیا اور ایک سروے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویزا منسوخی کی اطلاع دینے والوں میں سے 50 فیصد ہندوستانی طلباء ہیں۔ دریں اثناء امریکی حکومت نے اس معاملے پر اپنے اقدامات سے خاص طور پر ہندوستانیوں کو نشانہ بنانے کی تردید کی۔امریکن امیگریشن لائرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے گئے اس سروے کے مطابق 327 کیسس کا مطالعہ کیا گیا۔ ایک اندازے کے مطابق پچھلے دو مہینوں میں 4,000 سے زیادہ منسوخی کے نوٹس بھیجے گئے اور پتہ چلا کہ ان میں سے آدھے ہندوستانیوں کو گئے تھے۔ اس تحقیق کو ایک پالیسی بریف میں بیان کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ان طلباء میں سے 50فیصد کا تعلق ہندوستان سے تھا۔ اس کے بعد 14فیصد کا تعلق چین سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعداد و شمار میں دیگر اہم ممالک میں جنوبی کوریا، نیپال اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔