ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر بنگلہ دیش فائنل میں داخل

   

ڈبلن ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے مستفیض الرحمٰن کی شانداربولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیزکو سہ فریقی سیریز کے ایک اہم میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ آئرلینڈکے شہر ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیشی بولروں نے ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔ گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرنے والے اوپنر سنیل ایمبریس جارحانہ 23 رنز بنا کر ویسٹ انڈیزکو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔ مہدی حسن میراز نے ڈیرن براووکو صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد نشانہ بنایا لیکن شائی ہوپ نے دوسرے سرے سے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور تیسری وکٹ میں روسٹن چیس کے کے ساتھ مل کر اسکورکو89 رنز تک پہنچایا تھا کہ مستفیض الرحمٰن نے چیس کو پویلین بھیج دیا۔ ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ بھی مستفیض نے حاصل کی جب کارٹر3 رنز کا اضافہ کرکے 99 کے مجموعے پر آوٹ ہوئے تاہم اس کے بعدکپتان ہولڈر نے ہوپ کے ساتھ 100 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔ ہوپ 87 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی وکٹ بنے جس کے بعد صرف 8 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ مشرفی مرتضیٰ نے ہولڈر کو آوٹ کردیا، دونوں تجربہ کار بیٹسمینوںکے آوٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈیز مقررہ اوورزمیں 9 وکٹوں پر 247 رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 54 رنز میں تمیم اقبال کی صورت گری جو21 رنز بنا سکے تاہم مشفق الرحیم نے ذمہ دارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی اورمحمد متھن کے ساتھ چوتھی وکٹ میں 83 رنز کا اضافہ کیا، متھن 43 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کا اسکور 47 ویں اوور میں 240 رنز تک پہنچا تھا کہ مشفق الرحیم 63 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے تاہم محموداللہ نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 248 رنزکر دیا اور فتح حاصل کرلی۔