ویملواڑہ مندر کے احاطہ میں درگاہ کیلئے رکاوٹ ڈالنے والے کوئی اقدامات نہیں کئے جائیں گے

   

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) انڈومینٹ ڈپارٹمنٹ نے تلنگانہ ہائیکورٹ کو یہ تیقن دیا کہ راجنا سرسلہ ڈسٹرکٹ میں سری راجہ راجیشورا سوامی مندر کے احاطہ میں واقع تاریخی درگاہ حضرت سید تاج الدین خواجہ باگ سوارؒ کیلئے رکاوٹ ڈالنے والا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا۔ یہ بیان جسٹس بی وجئے سین ریڈی کے سامنے محمدناظم کی جانب سے داخل کی گئی ایک رٹ درخواست کی سماعت کے دوران دیا گیا جنہوںنے مقامی حکام کی جانب سے مبینہ طور پر درگاہ کے راستہ میں رکاوٹ ڈالنے، فینسنگ کرنے اور باریکیڈنگ کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ درگاہ، سمجھا جاتا ہیکہ زائد از 800 سالہ قدیم ہے اور مشہور ویملواڑہ مندر کے احاطہ میں ایک عرصہ دراز سے موجود ہے جو اس علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک علامت ہے۔ یہ کہا گیا کہ عہدیداروں بشمول ڈسٹرکٹ کلکٹر اور ٹمپل ایگزیکیٹیو کے حالیہ اقدامات سے معلوم ہوتا ہیکہ یہ درگاہ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی ایک کوشش ہے ۔اس میں مزید کہا گیا کہ درگاہ کے متولی کو کسی نئی جگہ پر منتقلی کیلئے اجازت دینے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔ انڈومینٹ کی طرف سے اسٹانڈنگ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ اس درگاہ سے متعلق 2 مارچ تک رکاوٹ پیدا کرنے والے کوئی اقدامات نہیں کئے جائیں گے۔ مزید سماعت کیلئے اس معاملہ کو 2 مارچ کو سماعت کیلئے ملتوی کیا گیا۔A