ویمنس جونیر ہاکی ٹورنمنٹ ، نیوزی لینڈ کے خلاف ہند کی فتح

   

کینبرا۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی جونیر ویمن ہاکی ٹیم نے تین قومی ٹورنمنٹ کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک کے مقابلے چار گول سے کامیابی حاصل کی۔ شرمیلا دیوی نے دو گول بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں نمایاں رول ادا کیا۔ ہندوستان کو اپنی کامیابی سے قبل ابتداء میں نیوزی لینڈ سے معمولی پسپائی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا جب حریف ٹیم کی اولیویا شنن نے کھیل کے چوتھے منٹ میں اپنی ٹیم کا گول بنایا لیکن بعد میں شرمیلا دیوی (12 ویں منٹ اور 43 ویں منٹ) ، بیوٹی ڈونگ ڈونگ (27 ویں منٹ) اور لالریندیلی (48 ویں منٹ) میں گول بنائی تھیں۔ کھیل کے آغاز پر ہندوستانی ٹیم لڑکھڑاتی نظر آئی جب چوتھے ہی منٹ میں اس کو پنالٹی کارنر پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا۔ اولیوا کی مدد سے یہ ٹیم گول بناتے ہوئے صفر کے مقابلے ایک سے سبقت حاصل کرچکی تھی۔ دوسرے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیموں کو کئی موقعے میسر آئے لیکن کسی نے بھی فائدہ نہیں اٹھایا۔ البتہ ہندوستان نے 27 ویں منٹ میں ایک پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا۔ ہندوستانی فارورڈ بیوٹی نے ایک گول بناکر نیوزی لینڈ کی سبقت کو ختم کردیا۔ اس طرح دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کی برابری پر تھیں لیکن بعد میں بننے والے تینوں گول ہندوستان کے کھاتے میں آئے۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم فاتح کی حیثیت سے ابھر گئی۔