وینزویلا بحران : خام تیل کی سپلائی پر اثر نہیں پڑے گا :آئی ای اے سربراہ

   

ہیوسٹن، 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح برول نے کہا ہے کہ وینزویلا میں جاری سیاسی بحران کا اثر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی سپلائی پر نہیں پڑے گا۔مسٹر برول نے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں منعقد سالانہ توانائی کانفرنس سے الگ پیر کو یہ بات کہی۔وینزویلا میں موجودہ سیاسی بحران اور اس پر عائد کی گئی امریکی پابندیوں کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی سپلائی کی کمی کی بابت پوچھے گئے سوال کے جواب میں مسٹر برول نے کہا‘‘سب سے پہلے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مارکیٹ میں اس وقت بہت تیل موجود ہے ، ہمیں نہیں لگتا کہ مارکیٹ پر اس کا کوئی اثر پڑنے والا ہے ’’۔آئی ای اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ وینزویلا یومیہ 13 ملین بیرل خام تیل کی پیداوار کرتا ہے ، اگر یہ پیداوار کم ہوتی ہے تو ہم امریکہ، کینیڈا، برازیل اور عراق سے اس کی تلافی کر سکتے ہیں۔امریکہ نے وینزویلا میں موجودہ سیاسی بحران کو دیکھتے ہوئے اس پر کئی طرح کی پابندی عائد کردی ہیں۔قابل غور ہے کہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ہو رہے ملک گیر احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے کہا ہے کہ وہ فوجی متبادل پر غور کر رہا ہے ۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈونے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔