وینزویلا کی فوج اقتدار کی پرامن تبدیلی کو قبول کرے: امریکہ

   

واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے وینزویلا کی فوج پر زور دیا ہے کہ وہ وہ ملک میں اقتدار کی پرامن تبدیلی کے عمل کو قبول کرتے ہوئے صدر نکلولس مادورو کی جگہ اپوزیشن لیڈر خوان گوائیڈو کو ملک کا نیا صدر تسلیم کرے۔العربیہ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے وائٹ ہائوس میںصحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم وینزویلا کی مسلح افواج پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے ملک میں اقتدار کی پرامن تبدیلی کے اقدام کو قبول کرتے ہوئے عبوری صدر خوان گوائیڈو کا ساتھ دے۔انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کے پاس وینزویلا کے خلاف کارروائی کے لیے تمام متبادل کھلے ہیں۔خیال رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر خوان گوائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکہ اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گوائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔ وینزویلا کی مسلح افواج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ فوج صدر نکولس مادورو کا ساتھ دے گی اور باہر سے مسلط کسی شخص کو وینزویلا کا آئینی صدر تسلیم نہیں کیا جائے گا۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا کہ وینز ویلا میں جمہوری انداز میں اقتدار کی پرامن تبدیلی کے عمل کو ملک کی مسلح افواج کو تسلیم کرنا چاہیے۔