ویگنر کی شاندار بولنگ، آسٹریلیا 248/4

   

پرتھ ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور مہمان نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں شروع ہوئے ڈے نائیٹ ٹسٹ کے پہلے دن مہمان بولروں میں خاص کر نیل ویگنر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے دو اہم بیٹسمینوں ڈیوڈ وارنر اور اسٹیواسمتھ کو بڑا اسکور بنانے سے باز رکھا لیکن پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا وہ چار وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز اسکور کئے۔ اسمتھ اور وارنر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد پھر ایک مرتبہ لبوشین نے اپنے شاندار فام کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور سنچری اسکور کی ہے۔ لبوشین نے متواتر تیسری سنچری اسکور کی اور دن کے اختتام پر وہ 202 گیندوں میں 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 110 رنز اسکور کئے جبکہ ان کے ساتھ میتھیو ہیڈ نے 34 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ قبل ازیں ڈیوڈ وارنر ویگنر کی بولنگ پر آؤٹ ہونے سے قبل 43 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر جیوبرنس نے 9 رنز بھی اسکور کئے۔ دیگر آؤٹ ہونے والوں میں اسمتھ نے 164 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 43 رنز جبکہ میتھیو ویڈ نے 26 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کیلئے ویگنر کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 52 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹم ساوتھی اور گرانڈ ہوم نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔