ٹائر II اور III شہروں میں 30 ہزار آئی ٹی ملازمتوں کی فراہمی کے لیے امریکہ کی اسوسی ایشن کے ساتھ حکومت کا معاہدہ

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست کی جامع ترقی اور علاقائی ترقی میں مدد کے لیے ریاستی حکومت نے کل امریکہ میں آئی ٹی کمپنیز کی ایک سرکردہ اسوسی ایشن ، آئی ٹی سروالائنس کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں اور اس کا مقصد تلنگانہ کے ٹائر II اور III شہروں اور ٹاونس میں 30 ہزار آئی ٹی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔ ریلیز کے مطابق اس یادداشت مفاہمت پر ریاستی وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز ڈی سریدھر بابو اور IT Serve Alliance کے نیشنل پریسیڈنٹ جگدیش موسلی نے دستخط کئے ہیں ۔ اس اقدام میں محبوب نگر ، ورنگل ، کریم نگر ، کھمم ، نظام آباد جیسے شہروں اور دیگر ابھرتے شہروں یا ٹاونس میں آئی ٹی اور اس سے متعلق انڈسٹریز کے قیام میں تیزی لانے پر توجہ دی جارہی ہے ۔ ریاستی حکومت نے IT Serve کے لیے آفس بلڈنگ کی تعمیر کے لیے حیدرآباد کے فینانشیل ڈسٹرکٹ میں اراضی الاٹ کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ اس موقع پر جیش رنجن ، اسپیشل چیف سکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس و آئی ٹی ڈپارٹمنٹس ، وزیر آئی ٹی کے مشیر سائی کرشنا ، سری کانت لنکا چیف اسٹریٹیجی آفیسر ، آئی ٹی ای سی ڈپارٹمنٹ اور دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔