گریجویٹ ہونا کافی ، ملت کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے موقع
دفتر سیاست کے آڈیٹوریم میں 28جنوری کو انٹرویوز
حیدرآباد : 23 جنوری ( سیاست نیوز) نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نے اس بات کا عہد کر رکھا ہے کہ وہ نوجوانان ملت کو روزگار ، تعلیم اور ترقی کے ہر دستیاب ذرائع سے مستفید کروانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔ انہوں نے ملت کی معاشی و تعلیمی ترقی کو اپنی زندگی کا نصب العین بنالیا اور اپنے مشن اور ویژن کو آگے بڑھانے سیاست ہب فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جو سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ساتھ ملک میں نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی خاطر ٹامکام اور ملک کے مشہور اداروں سے معاہدات کئے ہیں جس سے ملت کے بے شمار لڑکے لڑکیوں کو فائدہ ہوا ۔ جناب زاہد فاروقی ڈائرکٹر سب ہب فاؤنڈیشن کے مطابق ٹاٹا گروپ کا شمار ہندوستان ہی نہیں عالمی سطح کے بڑے گروپس میں ہوتا ہے ۔ چنانچہ ٹاٹا گروپ کی ایک بڑی کمپنی کیلئے 600 انویجلیٹرس کی ضرورت ہے جنہیں خانگی اور نیم سرکاری ادارو ں کے مسابقتی امتحانات میں انویجلیٹرس (ممتحین) کی حیثیت سے خدمات انجام دینی ہوگا ۔ کمپنی اس کیلئے امیدوارو ںکو معقول تنخواہ دے رہی ہے ۔ مسٹر زاہد فاروقی نے یہ بھی بتایا کہ ان جائیدادوں یا ملازمتو ں کیلئے امیدواروں کی عمر 40سال سے کم ہونی چاہیئے اور امیدوار کا گریجویٹ ہونا کافی ہے ۔ یہ ٹاٹا گروپ کی بڑی کمپنی میں ملازمت پانے کا سنہری موقع ہے ۔ چہارشنبہ 28جنوری کو دوپہر 12 بجے سے انٹرویوز شروع ہوں گے جس میں کمپنی کے HR سے راست ربط پیدا کیا جاسکتاہے ۔ ان ملازمتوں کے خواہاں امیدواروں کو چاہیئے کہ انٹرویوز جو دفتر ’ سیاست‘ کے سنیٹنری آڈیٹوریم میں ہوں گے ۔ سرٹیفیکٹس اور سی ویز کیساتھ آئیں ۔ دیئے گئے کیو آر کوڈ کو اسکیان کرکے ناموں کا اندراج کروالیں ۔