واشنگٹن: امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 63 ہزار 872 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مزید 514 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 474 ہو چکی ہے۔صدر ٹرمپ نے اتوار کو فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر وبا سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی کا دفاع کیا اور دعویٰ کیا کہ ‘ٹیسٹنگ کے معاملے پر دنیا نے بھی امریکہ کو سراہا۔’ماضی میں وائرس کے خاتمے سے متعلق اپنی ایک پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بالآخر میں ٹھیک ثابت ہوں گا۔’انہوں نے ایک بار پھر ماسک پہننے کی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو ایک خاص حد تک آزادی حاصل ہو۔’دوسری جانب میکسیکو میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار کے قریب ہو چکی ہے اور اموات کی تعداد کے لحاظ سے میکسیکو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ میکسیکو میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 200 سے زائد ہے۔