ٹرمپ ناٹو کے فرائض یوروپ کے سپرد کریں گے

   

واشنگٹن ۔ 6 ڈسمبر (ایجنسیز) پنٹگان کے عہدیداروں نے اس ہفتہ واشنگٹن میں سفارت کاروں کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ امریکہ 2027 تک انٹیلی جنس سے لے کر میزائلوں تک شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم کی روایتی دفاعی صلاحیتوں کا بڑا حصہ یورپ کے سپرد کرنا چاہتا ہے۔ کچھ یورپی عہدیداروں نے اس تاریخ کو غیر حقیقی قرار دیا۔ یاد رہے اس بوجھ کو امریکہ سے ناٹو کے یورپی اراکین کو منتقل کرنا اپنے سب سے اہم فوجی شراکت داروں کے ساتھ امریکہ کے کام کرنے کے انداز کو یکسر بدل دے گا۔اس کے علاوہ واشنگٹن میں اس ہفتہ ناٹو کی پالیسی کی نگرانی کرنے والے پنٹگان کے وفد اور کئی یورپی وفود کے درمیان ہونے والی بات چیت سے واقف پانچ ذرائع نے واضح کیا کہ پنٹگان کے حکام نے کہا ہے کہ امریکہ 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے یورپ کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں کی گئی پیش رفت سے اب تک مطمئن نہیں ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا
واشنگٹن ۔ 6 ڈسمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ میڈیا کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یہ اعزاز انہیں اگلے برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب کے دوران دیا۔واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا۔ میڈیا کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ ہی اس ایوارڈ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایسے افراد کو سراہنا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر امن کیلئے غیرمعمولی کوششیں کی ہوں۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ٹرمپ نے اسے اپنی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک قرار دیا۔