ٹرمپ کا اسٹیٹ آف دی یونین خطاب اب 5 فروری کو

,

   

واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اب اسٹیٹ آف دی یونین خطاب 5 فروری کو کریں گے جو دراصل ٹرمپ کی میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے خطیر رقم کے مطالبہ اور شٹ ڈاؤن کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔ روایتی طور ہر سال یہ خطاب امریکی صدر کی جانب سے کیا جاتا ہے اور جاریہ سال اس کیلئے 29 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم دیوار کی تعمیر کو لیکر وائیٹ ہاؤس اور اپوزیشن ڈیموکریٹس کے درمیان اختلافات کی وجہ سے خطاب کی تاریخ تبدیل کرنی پڑی۔ یاد رہیکہ ڈونالڈ ٹرمپ میکسیکو سے منشیات اور غیرقانونی طور پر امریکہ آنے والوں کو روکنا چاہتے ہیں جس کیلئے انہوں نے سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے 5.7 بلین ڈالر کا مطالبہ کیا ہے تاہم اسپیکر نینسی پیلوسی نے کانگریس میں اس تعلق سے ضروری قراداد کو یہ کہہ کر منظوری نہیں دی کہ ٹرمپ پہلے امریکہ میں جاری شٹ ڈاؤن کو ختم کروائیں۔ پیلوسی نے کہا کہ امریکی ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں جس سے ملک کی سیکوریٹی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ان کا ماننا ہیکہ ’’تنگ آمد بجنگ آمد‘‘ کے مصداق تنگدستی انسان سے بہت کچھ کروادیتی ہے۔ ابتداء میں ٹرمپ نے خطاب کیلئے کسی دیگر مقام کی رائے دی تھی لیکن بعدازاں انہوں نے فیصلہ تبدیل کرلیا اور شٹ ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد خطاب کا فیصلہ کیا۔