ٹرمپ کا بوئنگ 737کو استعمال نہ کرنے کا حکم

   

واشنگٹن،14مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایتھوپین ایئر لائنز طیارہ حادثے کے بعد امریکہ نے بھی بوئنگ 373 میکس اور نائن طیارے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ طیارہ فوری طور پر گراؤنڈ کیے جارہے ہیں، ٹرمپ کے اعلان پر کچھ ہی دیر میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی حکم نامہ جاری کر دیا۔امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایتھوپیا میں حادثے کے مقام سے جمع شواہد اور سیٹلائٹ سے حاصل ڈیٹا کی روشنی میں طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس سے پہلے امریکی ایوی ایشن ریگولیٹر نے طیارہ گراؤنڈ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ طیارے کی کارکردگی میں کوئی خرابی نہیں۔واضح رہے کہ ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ گرنے سے تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے تھے ، پانچ ماہ میں طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسراجان لیوا حادثہ تھا، امریکہ سے پہلے چین، ایتھوپیا، انڈونیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، فرانس اور ہندوستان سمیت تقریباً 50 ممالک بوئنگ 737 میکس طیارے گراؤنڈ کرنے یا اس کیلئے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔